فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سال کے بہترین کھلاڑی بن گئے، فیفا ایوارڈ مل گیا

 Cristiano Ronaldo

Cristiano Ronaldo

برن (جیوڈیسک) پرتگال کے کرسٹیا نورونالڈو نے آخر کار محنت کا صلہ پالیا، طویل عرصے بعد وہ فیفا پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں ہونے والی تقریب میں جب رونالڈو کے نام کا اعلان کیا گیا تو اْن کی خوشی دیکھنے والی تھی، ایوارڈ لینے کیلئے اسٹیج پر آنے والے رونالڈو اپنے آنسو نہ روک سکے۔

اس موقع پر اْنہوں نے اپنے کلب اور ملک کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا، اْن کا کہنا تھا کہ ان سب کے تعاون کے بغیر وہ یہ اعزاز نہیں جیت سکتے تھے، حاضرین میں بیٹھی ہوئی رونالڈو کی والدہ بھی اس موقع پر اپنے خوشی کے آنسو نہ روک سکیں۔

تقریب میں فیفا ویمن پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جرمن گول کیپر نیڈائن اینگریر کے حصے میں آیا، سابق فٹ بال لیجنڈ پیلے کو اسپیشل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ افغانستان کی فٹ بال فیڈریشن کو فیئر پلے ٹرافی دی گئی، سوئیڈن کے فٹبالر ابراہیموچ کو بہترین گول کرنے کا ایوارڈ دیا گیا۔