کابل (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے پرستار افغان بچے کو اپنی شرٹ بھیجی ہے جس پر انہوں نے اپنے ہاتھوں سے دستخط کئے ہیں۔
غزنی کے رہائشی مرتضیٰ احمدی اس وقت ساری دنیا میں مشہور ہو گئے تھے جب انہوں نے لیونل میسی کی مشہور 10 نمبر والی شرٹ پہنی تھی لیکن یہ شرٹ کسی کپڑے کی نہیں بلکہ پلاسٹک بیگ سے بنائی گئی تھی۔ اس بچے کو دنیا میں میسی کا سب سے بڑا مداح بھی کہا جاتا ہے۔
مرتضیٰ احمدی کا تعلق افغانستان کے صوبے غزنی کے مشرقی ضلع جگہوری سے ہے۔ مرتضیٰ احمدی اصلی شرٹ ملنے کے بعد انتہائی خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ شرٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ لیونل میسی مجھ سے پیار کرتے ہیں کیونکہ میں بھی ان سے پیار کرتا ہوں۔