کراچی (جیوڈیسک) لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کی 84 ویں سالگرہ پر سرچ انجن گوگل نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل ان کے نام کر دیا۔
حنیف محمد 21 دسمبر 1934 کو جونا گڑھ انڈیا میں پیدا ہوئے، انہیں بچپن سے ہی کرکٹ کا شوق تھا۔
لٹل ماسٹر حنیف محمد نے پاکستان کی جانب سے 55 ٹیسٹ کھیلے جس میں مجموعی طور پر انہوں نے 3915 رنز اسکور کیے۔
حنیف محمد نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں اولین ٹرپل سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا جب کہ 337 رنز کے انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھی بنایا۔
حنیف محمد نے ٹیسٹ کیریئر میں 12 سنچریاں اسکور کیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیل کر سر ڈان بریڈمین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
حنیف محمد آئی سی سی کے ہال آف فیم میں بھی شامل تھے جس میں دنیا بھر سے صرف 55 کرکٹرز شامل ہیں۔
آج لٹل ماسٹر حنیف محمد کی 84 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے اور انہیں مداحوں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
گوگل کی طرف سے پاکستانی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں اس سے قبل بھی ڈوڈل جاری ہوچکے ہیں۔ ان شخصیات میں ملالہ یوسف زئی، نازیہ حسن، عبدالستار ایدھی، فاطمہ ثریا بجیا اور نصرت فتح علی خان وغیرہ شامل ہیں۔
سابق کپتان حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016 کو 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، لیکن کرکٹ کے میدان میں ان کی لازوال خدمات آج بھی مداحوں کے دلوں میں نقش ہیں۔