رواں مہینہ ڈینگی مچھر کے پھیلائو کیلئے نہایت موافق ہے، افضل کھوکھر

لاہور: چیئرمین ڈینگی رسپانس کمیٹی اقبال ٹائون ملک محمد افضل کھوکھر وسیف الملوک کھوکھر نے انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ماہرین کے مطابق رواں مہینہ ڈینگی مچھر کے پھیلائو کے لیے نہایت موافق ہے۔ اس لیے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ڈینگی سویپ سرویلنس کے ذریعے سے لاروا کی جگہوں کو تلف کیا جائے۔

انہوں نے ماحولیاتی انسپکٹرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ سے تمام فیلڈ ٹیموں میں انسپکٹر ماحولیات کو ضرور ہمراہ روانہ کیا جائے اور ماحولیاتی اہلکاروں کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے۔ انہوں نے کہا ڈینگی لاروے کی جگہوں کو ختم کرنے کے لیے ٹارگٹ فوگنگ کی جاسکتی ہے کیونکہ ان دنوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے معمولی سی غفلت بھی تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تکنیکی ماہرین کے مطابق بڑے پیمانے پر بلا ضرورت فوگنگ نہ کی جائے کیونکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ ساتھ انسانی صحت کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری کوآپریٹو ڈاکٹر عامر احمد، ایڈمنسٹریٹر ٹائون دیگر محکموں کے افسران و اہلکاران نے بھی شرکت کی۔