پشاور (جیوڈیسک) پشاور ہائی کورٹ نے عید الاضحی کے پیش نظر مال مویشی افغانستان لے جانے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس قیصر رشید پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مال مویشی افغانستان لے جانے پر پابندی اٹھانے کی درخواست کی سماعت کی۔
عدالت نے مویشی تاجروں کی طرف سے پابندی میں 4 روزہ رعایت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عید الضحی کے موقع پر مال مویشی افغانستان لے جانے سے غریب عوام قربانی سے رہ جاتے ہیں۔ چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر، آئی جی ایف سی، سی سی پی او پشاور اور تمام پولیٹیکل ایجنٹس کو ہدایات جاری کر دیں کہ مویشی افغانستان لے جانے پر پابندی کے عدالتی فیصلے کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔