لائیو سٹاک سیکٹر کا دیہی ترقی و معیشت میں اہم کردار ہے: چوہدری محمد ارشد

Chaudhry Mohammad Arshad

Chaudhry Mohammad Arshad

جھنگ: وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ چوہدری محمد ارشد نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک سیکٹر کا دیہی ترقی و معیشت میں اہم کردار ہے حکومتی سطح پر ساہیوال نسل کی گائے کی دیکھ بھال اور افزائش کیلئے مزید کوششیں جاری ہیں لہذاہمیں بھی چاہیے کہ ساہیوال نسل کے اپنے جانوروں کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آر سی سی ایس سینٹر جھنگ میں منعقدہ نویں سالانہ ساہیوال کیٹل بریڈرز کانفرنس2015ء کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں این آئی بی جی ایڈائریکٹر ڈاکٹرشاہد منصور ستارہ امتیاز ،بی آئی ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرحمان،سردار آفتاب احمد خان وٹو،رانا محمد افضال خان،ڈاکٹر غلام سرور،رانا محمدیونس، صفدر سلیم خان سیال،ڈاکٹر افتخار علی،ڈی ایل ایف ڈاکٹر خالد محمود خان ،ڈاکٹر اسرار حسین اور ڈاکٹر شفیق کے علاوہ صوبہ بھر سے بریڈرزلائیو سٹاک ڈاکٹرز، معزز شخصیات،ساہیوال نسل کے جانوروں کے شائقین اور کسان موجود تھے۔چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان گائے کی نسلوں میں ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔

ساہیوال گائے کی نسل نے پنجاب کے اضلاع میں نشونما پائی جو کہ اس وقت ملک میں سب سے زیادہ پالتو دودھ دینے والا جانور ہے جو کہ جھنگ میں دیگر اضلاع کے مقابلہ میں کثیر تعداد میں پایا جاتا ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر آر سی سی ایس سی کو ہدایت کی کہ ضلع میں بریڈرز کی راہنمائی کیلئے ڈی ایل او کے تعاون سے ہر ماہ ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے جس میں ساہیوال نسل کے جانوروں کے مالکان کو مفید مشورے دئیے جائیں انہوں نے بریڈرز کو مشورہ دیا کہ وہ ساہیوال نسل کی ترقی کیلیئے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سے رابطہ رکھیںقبل ازیں انچارج آر سی سی ایس سی نے کیٹل شو کے اغراض و مقاصد اور اعلیٰ نسل کے جانورو ں کی افزائش اور ان کے علاج معالجہ کیلئے تحقیقاتی مرکز برائے ساہیوال نسل گائے جھنگ کی طرف سے کئے گئے انتظامات اور اقدامات پر روشنی ڈالی۔

قبل ازیں دیگر مقررین نے ساہیوال نسل گائے کی غذا ،دودھ کی افادیت کے بارے تفصیل سے روشنی ڈالی۔آخر میں مقابلہ دودھ،خوبصورتی شیر دار،خوبصورتی حاملہ گائے اورخوبصورتی بچھڑیاں میں اول ، دوم اور سوم آنے والے جانوروں کے مالکان کومبارکباد دی اور نقد انعامات ، ٹرافی و اسناد تقسیم کیںجبکہ گولڈ کیٹگری اورسلور کیٹگری میںپنجاب کے مختلف اضلاع سے لائے گئے جانوروں کے مالکان کو پانچ لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے گئے۔انہوںنے مقابلہ دودھ میں پہلے نمبر پر آنے والی بندیا گائے کے مالک کو خصوصی مبادکباد پیش کی جس نے 24گھنٹوں میں 27.260کلوگرام دودھ دیا۔ بعد ازاں ادارہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب معاون خصوصی کو آر سی سی ایس سینٹر جھنگ کی طرف سے یاد گار شیلڈ پیش کی گئی۔علاوہ ازیں ریڈ گولڈ کلب کی طرف سے مہمانان اعزاز، بریڈرزخوبصورت جانوروں کے مالکان اورڈاکٹروں کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔