اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت توانائی کے مطابق ملک میں بجلی کی فراہمی طلب سے 2 ہزار میگاواٹ زائد ہے، سال 2018ء میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔
قائد حزب اخلاف خورشید شاہ کے زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک میں بجلی لوشیڈنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
حکام وزارت توانائی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پورا سال ملک میں بجلی طلب سے زیادہ رہے گی، اس لئے لوڈشیڈنگ کا خدشہ نہیں ہے۔ اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 15 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ موسم سرما میں بجلی کی کم سے کم طلب 9 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 13 ہزار میگا واٹ رہی۔ اس وقت ملک میں طلب کے مقابلے 2 ہزار میگا واٹ بجلی زیادہ پیدا ہو رہی ہے۔
اس موقع پر خوشید شاہ اور نوید قمر کا کہنا تھا کہ اضافی پیداوار کے باوجود ملک کے تین صوبوں میں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، اس پر وزارت توانائی کے حکام کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں ریکوری کم اور نقصانات زیادہ ہیں وہاں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔