اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ کا حالیہ دورانیہ نا قابل قبول ہے اس کو کم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
ملک میں جاری بجلی بحران کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ 7 گھنٹوں پر لایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا حالیہ دورانیہ نا قابل قبول ہے، توانائی کے منصوبے فوری طور پر مکمل کئے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 11 مئی تک نیشنل گرڈ اسٹیشن میں ایک ہزار میگا واٹ بجلی آ جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریلوے کے ذریعے بجلی گھروں کو ایندھن فراہمی کو یقینی بنائی جائے کیوں کہ ایندھن کی بلا تعطل فراہمی سے سسٹم میں 630 میگا واٹ بجلی آئے گی جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئے گی۔
واضح رہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 500 سے تجاوز کرنے کی وجہ سے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 گھنٹے جب کہ دیہی علاقوں میں یہ دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔