اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی بجلی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
وزیراعظم نواز شریف سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے ملاقات اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو جاری پن بجلی منصوبوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پن بجلی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہو جائیں گے ، یہ منصوبے آبپاشی اور صنعتی شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے بلکہ عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کا بھی عزم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا ملک سے بحران سے خاتمے کیلئے مزید موثر انداز میں کام کرے۔
سستی بجلی کی فراہمی سے صارفین کو ریلیف ملنے کے ساتھ ساتھ ملک میں پانی کی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ واپڈا ملک میں آبی ذخائر کی تعمیر کا کام بھی تیز کرے ، آبی ذخائر بنانے سے سیلاب جیسی آفات سے بچنے میں مدد ملے گی ، واپڈا پن بجلی کے نئے منصوبے بھی تلاش کرے۔