اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف نے کہا ہے کہ نہ خیانت کروں گا نہ کرنے دوں گا، کوئی پرکشش نعرہ نہیں لگاوں گا، عوام کو اصل صورتحال کا علم ہونا چاہئے، خود چین سے بیٹھوں گا اور نہ اپنی ٹیم کو بیٹھنے دوں گا ، اگر تمام اسٹیک ہولڈرز مل جائیں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں۔
لوڈ شیڈنگ سمیت ملکی مسائل کے حل کا جامع پلان تیار کر لیا ، تمام قومی اداروں میں تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی ، بدعنوان افراد کا احتساب کیا جائے گا ، اگر کراچی بے امنی کا شکار ہوتا ہے تو ہمارا دل بھی دکھی ہوتا ہے ، پہلی بار بلوچستان کی اصل جماعت کو اقتدار دیا جارہا ہے۔
بلوچستان کے حالات ٹھیک کرنے کیلئے تمام قوتوں کو موقع دینا چاہئے۔ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد سیاسی جماعتوں سے رابطے کروں گا ، اگر تمام اسٹیک ہولڈرز مل جائیں تو مسائل حل ہوسکتے ہیں، سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تبدیلی کے سفر میں پارلیمنٹ کا ساتھ چاہئے ، حقیقی تبدیلی کیلئے بنیادی اقدامات کا آغاز کردیا، اقلیتوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سمیت ملکی مسائل کے حل کا جامع پلان تیار کر لیا ، تمام قومی اداروں میں تقرریاں میرٹ کی بنیاد پرکی جائیں گی۔
اقربا پروری کا باب آج سے بند کردیا گیا ، سربراہان کے تقرر کیلئے قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہارات دیئے جائیں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی کہیں گے کہ وہ ملکی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان افراد کا احتساب کیا جائے گا ، حکومت کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی، دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے والے کبھی پاوں پر کھڑے نہیں ہوسکتے۔
قوم سے کچھ نہیں چھپاوں گا، نہ خیالی جنت کا منظر پیش کروں گا، کوئی پرکشش نعرہ نہیں لگاوں گا، قوم کو اصل صورتحال سے آگاہ کروں گا ، ہماری حکومت چیلنجز کو قبول کر رہی ہے ، آئیں سب مل کر پاکستان کیلئے اکٹھے ہوں۔ نو منتخب وزیراعظم نے مزید کہا کہ سندھ، بلوچستان ، خیبرپختونخوا سے بھرپور تعاون کریں گے ، اگر کراچی بے امنی کا شکار ہوتا ہے تو ہمارا دل بھی دکھی ہوتا ہے۔
کراچی میں امن کیلئے سندھ حکومت کو جو مدد درکار ہوگی، دیں گے، پہلی بار بلوچستان کی اصل جماعت کو اقتدار دیا جارہا ہے ، بلوچستان کے حالات ٹھیک کرنے کیلئے تمام قوتوں کو موقع دینا چاہئے ، بلوچستان میں حالات بہتر ہوئے تو ہر پاکستانی کو خوشی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسرے ممالک کا احترام کرتا ہے تاہم ہماری خود مختاری کا بھی احترام کیا جانا چاہئے ، ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ ہم دوسروں کی عزت کریں کوئی ہماری عزت نہ کرے۔