لوڈ شیڈنگ عدم سکیورٹی پارکنگ مسائل نے کاروبار تباہ کر دیا انجمن تاجران مغل سرائے

Load Shedding

Load Shedding

راولپنڈی (جیوڈیسک) انجمن تاجران مغل سرائے مارکیٹ کے عہدیداروں نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ نے کاروبار تباہ کردیا۔ پارکنگ نہ ہونے سے تاجروں کے مسائل میں اضافہ ہوا۔ انتظامیہ اور پولیس سکیورٹی کا بندوبست کرے۔ اسلام آباد میں جاری دھرنوں نے رہی سہی کسر بھی نکال دی، حکومت اور دھرنا پارٹیاں فوری طور پر کوئی حل نکالیں ورنہ تاجر برادری فاقہ کشی پر مجبور ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران مغل سرائے مارکیٹ کے صدر شیخ شبیر، نائب صدر شیخ محمد اکرم، جنرل سیکرٹری شیخ محمد مدثر، فنانس سیکرٹری شیخ ممتازاحمد، ممبران شیخ محمد عارف، شیخ محمد عثمان اور شیخ ذیشان۔

شیخ شبیر نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔اب تو یو پی ایس بھی جواب دے گئے۔ شیخ محمد اکرم نے کہاکہ پارکنگ کا مسئلہ گھمبیر ہوچکا ہے ، ٹھیکیدار گھنٹوں کے حساب سے پیسے لیتا ہے جو تاجر وں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ شیخ محمد مدثر نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں سکیورٹی کا بندوبست نہیں، انتظامیہ اور پولیس کو چاہئے کہ تاجر برادری کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔

شیخ ممتاز احمد نے کہاکہ دھرنوں کی وجہ سے کاروبار مزید بحران سے دوچار ہوا۔ شیخ محمد عارف اور شیخ ذیشان نے کہا کہ حکومت اور دھرنا پارٹیاں تاجر برادری کو فاقہ کشی سے بچانے کیلئے اپنے مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔ شیخ محمد عثمان نے کہا ہے کہ انتظامیہ سب سے پہلے پارکنگ کا مسئلہ حل کرے۔