اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بجلی مہنگی ہو گی لیکن صرف امیروں کیلئے، غریبوں کیلئے نہیں۔ بھارت سے 5 سو سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی درآمد کی بات جاری ہے۔ اسلام آباد میں ایک قومی کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتیں ضروربڑھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں نندی پور منصوبے کو تاخیر کا شکار کرنے سے سالانہ 113ارب کا نقصان پہنچا۔ لوڈ شیڈنگ نے صنعتوں سمیت پوری قوم کو ایک ہزار ارب کا نقصان پہنچایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طرف بجلی چوری ہے دوسری طرف لوڈ شیڈنگ نے ہرچھوٹے بڑے کا سکون چھین رکھا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ سی این جی سیکٹر کو یومیہ 40 سے 50 مکعب فٹ گیس کی فراہمی برداشت نہیں کر سکتے۔ کھاد کو ملنے والی گیس کی قیمت پر بھی نظر ثانی ہو گی۔ بجلی تقسیم کار کمپنیاں صرف غریب کی بجائے امیر کی بجلی بھی کاٹیں۔