اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ خاص طور پر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے روزہ دار پریشان اور تاجر برادری سراپا احتجاج ہے۔
لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے تک جا پہنچا۔ شہرمیں جاری لوڈ شیڈنگ نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔
لاہور میں موسم کی حدت کم ہونے سے بجلی کی جبری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں کچھ کمی آئی ہے۔ تاہم لو وولٹیج اور ٹرپنگ کے باعث روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بعض علاقوں میں عین افطار اور سحر کے اوقات بجلی چلے جانا معمول بن گیا۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث روزہ داروں کی زندگی اجیرن ہو گئی۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب 18 ہزار 300 میگا واٹ اور پیداوار 14 ہزار 400 میگا واٹ ہے۔
جبکہ 3 ہزار900 میگا واٹ کے شارٹ فال کی وجہ سے شہری علاقوں میں 10اور دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ میپکو ریجن کے تیرہ اضلاع میں بجلی کی کل طلب 3255 میگا واٹ ہے۔شارٹ فال 1350 میگاواٹ ہو گیا۔
جنوبی پنجاب کے شہری علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔