راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر نیزہ پیر اور پونچھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر نیزہ پیر اور پونچھ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی اور مارٹر گولے فائر کئے گئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ رات گیارہ بجے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے صبح ساڑھے 4 بجے تک جاری رہا۔
لیکن پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور جوابی کارروائی کر کے بھارتی توپوں کے منہ خاموش کرادیا۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ 6 ماہ قبل بھی بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر متعدد بار فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔