اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف وزری کی گئی جس پر پاک فوج نے بھرپور جواب دیتے ہوئے کئی چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر چڑی کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور 4 بچوں سمیت 6 شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی بھر پور جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یاد رہے کہ تین روز قبل بھی بھارتی فوج نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رکشکری سیکٹر میں اشتعال انگیزی کی تھی جس کے نیتجے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے تھے۔