آزاد کشمیر (جیوڈیسک) بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور تازہ کارروائی میں بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے ایل او سی پر گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال جاری کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی پر باغ سر سیکٹر میں شہری آبادی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں میرا گاؤں کی خاتون سمیت دو شہری زخمی ہوئے۔
پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے بھارتی دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج پیشہ ورانہ ہونے کی وجہ سے شہری آبادی کو کبھی نشانہ نہیں بناتی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت جان بوجھ کر پاکستان کی جانب ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے جب کہ پاک فوج شہری آبادی کو نشانہ نہ بنانے کے اپنے اہم مؤقف کا متعدد بار اظہار کر چکی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج کے آزاد کشمیر کی بے گناہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے کو کبھی نظر انداز نہیں کریں گے، پاک فوج مؤثر اور ٹارگیٹڈ جواب کے ذریعے شہریوں کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی اور پاک فضائیہ اور پاک بحریہ مسلسل چوکس ہیں۔