راولپنڈی (جیوڈیسک) بھارت کی جانب سے کٹرول لائن پر مسلسل بد معاشی کی جا رہی ہے۔ انڈین فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک فوجی جوان شہید جبکہ دو شہری شہید ہو گئے۔ پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے نیزہ پیر، سبز کوٹ اور کیانی سیکٹرز میں اچانک فائرنگ شروع کر دی جس سے ایک جوان شہید اور 2 شدید زخمی ہوئے۔ بھارتی جارحیت سے 2 شہری بھی شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج نے اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دیا اور 5 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی آئندہ خلاف ورزی کا جواب شدید اور موثر ہو گا۔
وزیر اعظم نواز شریف بھرپور جواب سے دشمن کی توپیں خاموش کرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ بھارتی اشتعال انگیزی سے شہید ہونے والے شہریوں کے غمزدہ خاندانوں سے اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ شہید ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے۔