وزیرآباد (محمود احمد خان لودھی) نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کی تقریب حلف برداری کا انعقاد ٹائون ہال میں ہوا۔ اس موقعہ پر ریٹرننگ افسر محمد انور بریا ر نے نومنتخب کونسلرز سے حلف لیا۔
میونسپل کمیٹی وزیرآباد سے منتخب ہونے والے35کونسلرز کے علاوہ علی پور چٹھہ، گکھڑ، احمد نگر ، سوہدرہ یونین کونسلز کے منتخب نمائندوں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت وارڈ نمبر 27کے کونسلر افتخار احمد بٹ نے حاصل کی۔
ریٹرننگ افسر/اے سی وزیرآباد محمد انور بریار نے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں سے ملک سے وفاداری، گڈ گورننس اور لوکل آرڈیننس 2013 کے مطابق ذمہ داریوں کی ادائیگی اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عمل درآمد کرنے کا حلف لیا اور مبارکبار پیش کرتے ہوئے تمام اراکین کو نیک نیتی سے ملکی تعمیر وترقی میں اپنااپنا کردار اداکرنے کی ضرورت پرزور دیا۔
محمد انور بریار نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا حصہ بننے والے تمام افراد دیانتداری اور نیک نیتی سے کام لیتے ہوئے خود کو عوامی خدمت کیلئے وقف کردیں۔بلدیاتی نظام کی بدولت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے تعمیر وترقی کا عمل مزید تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 10 سال بعد پھر بلدیاتی نمائندوں پر علاقائی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کی ذمہ داری ڈالی جا رہی ہے لہذا وہ عزم وحوصلے کو برقرار رکھیں اور شفاف انداز سے اس سسٹم کو چلائیں ـنومنتخب نمائندوں نے اس موقعہ پر عوامی خدمت کے عزم کا بھرپوراعادہ کیا۔