کراچی(اسٹاف رپورٹر) سامراجی و بھارتی سازشوں اور دہشتگردی کے باعث پاکستان جس معاشی بدحالی سے دوچار ہے اس نے عوام کی کمر توڑ دی ہے اور آج پاکستان کے متوسط اور غریب دونوں ہی طبقات بد ترین غربت اور معاشی مسائل سے دوچار ہیں جبکہ انقلاب و تبدیلی کے نام پر جاری دھرنوں اور حکومتی ہٹ دھرمی قومی معیشت کو مزید بدحالی کی جانب دھکیل کر عوام کے مسائل میں اضافہ کررہی ہے ان حالات میں بیوروکریسی اور عوامی نمائندوں کی شاہ خرچیاں بڑی بڑی گاڑیوں کی فراہمی کی فرمائش اور ہیلی کاپٹرز کی خریداری کیلئے سرکاری خزانے پر بوجھ ڈالنے کی کوشش ایسی نا عاقبت اندیشی ہے جو عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی نے روشن پاکستان آنے والے عوامی تحریک انقلاب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری وسائل اور قومی خزانے کاذاتی تعیش اور نمود و نمائش کیلئے استعمال کرپشن کے ہی مترادف ہے اور ہمارے حکمرانوں و سیاستدانوں سے لیکر پوری افسر شاہی اور بیورو کریسی اس کرپشن کا شکار ہے اسلئے عوامی و قومی وسائل کی حفاظت کیلئے نظام کی مکمل اوورہالنگ اور ہمارے پیش کردہ فارمولے کے تحت تبدیلی ضروری ہے کیونکہ جب تک ہمارے پیش کردہ مقامی خود مختاری کے فارمولے کے تحت عوام کو شریک اختیارو اقتدار بناکر عوامی نمائندوں اور بیورو کریسی کے احتساب کا حق عوام کو نہیں دیا جائے گا نہ تو قومی خزانے اور قومی وسائل کی لوٹ مارکو روکا جاسکتا ہے ‘ نہ کرپشن سے نجات ممکن ہے اور نہ ہی استحصال و جبر کا خاتمہ کرکے عوام کو خوشحال اوروطن عزیز کو مستحکم ‘ فلاحی اور مثالی ریاست بنایا جاسکتاہے ۔