کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد مقامی مارکیٹوں میں بھی کمی ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر کمی کے بعد 1748 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 300روپے اور 257 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر 1 لاکھ 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 97 ہزار 908روپے ہوگئی۔ بلین مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے کی مقامی قیمت اب بھی دبئی گولڈ مارکیٹ سے 1000روپے کم ہے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1400 روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت1200 روپے 27 پیسے پر مستحکم ہے۔