کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوامی کے درینہ مطالبے پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے بعد سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کا اپنے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے آغاز کردیا ۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا کہنا ہے کہ اپنی عوام کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیںگے بنیادی علاقائی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے ہمہ وقت جدو جہد میں مصروف ہیں اور انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے شہر کی ترقی اور عوامی میں پائی جانے والی محرومیوں کا خاتمہ یقینی بنا یا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں اپنے ترقیاتی فنڈز سے جاری سڑکوں کی کارپیٹنگ کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر10کے چیئر مین کریم الدین ،بلدیہ کورنگی شاہ فیصل زون کے افسران بھی موجود تھے۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر کاموں کو وقت مقررہ پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے یقین دلا یا کہ علاقائی ترقی اور عوام کو پانی سیوریج اور صفائی وستھرائی کے حوالے سے حائل مسائل سے چھٹکارہ دلا یا جائیگا اس موقع پر عوام نے علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش بلدیاتی مسائل سے آگاہ کیا اور فراہمی و نکاسی آب اور سڑکوں کی تعمیر پر حق پرست قیادت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر ایم پی اے نشاط ضیاء قادری نے موقع پر موجود بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر عوام کو درپیش روز مرہ بلدیاتی مسائل کے ھوالے سے شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنائیں۔