مقامی حکومت کے قیام کے لئے اسلام آباد کے رہنمائوں کا اجلاس
Posted on September 20, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد: اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کو ممکن بنانے کے لئے ایک اہم اجلاس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔اس اجلاس میں سید بلال، انجم عقیل خان(سابقMNA)، الیاس مہربان، فیصل سخی بٹ، رضوان صادق خان نے شرکت کی۔ ان رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مقامی حکومت کا اسلام آباد میں قیام ہونا نہایت ضروری ہے۔ اس اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسلام آباد کے لئے مقامی حکومت کے آرڈینس کی تیاری میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے جو حکومت کی عدم دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقے عدم توجہی کا شکار ہیں اور بڑھتے ہوئے مسائل سے شہری پریشان ہیں ۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے مقامی حکومت کا قیام نا گزیر ہے۔ ان رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا کہ وہ آرڈینس کو حتمی شکل دینے سے قبل اس فورم سے مشاورت ضرور کرے۔ اس طرح آرڈینس میں اسلام آباد کے نمائندہ افراد کی رائے بھی شامل ہو گی اور ایک بہتر اور قابل قبول آرڈینس بھی تیار ہو جائے گا۔
اسلام آباد کے یہ رہنما بجا طور پر حکومت سے توقع کرتے ہیں وہ اس فورم کی آواز کو سنے گی اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسلام آباد کے شہری و دیہی دونوں علاقوں میں مقامی حکومت قائم کرنے کے لئے جلد از جلد مقامی حکومت کے قیام کے لئے انتخابات کا اعلان کرے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یہ رہنما جلد
ہی حکومتی اہلکاروں اورذمہ داروں سے ملاقات بھی کریں گے تا کہ حکومت کے نکتہ نظرسے بھی آگاہی حاصل ہو اور حکومت کو مقامی حکومت سازی کے آرڈینس کی تیاری اور مقامی حکومت کے قیام کے حوالے سے کسی تعائون کی ضرورت ہے تو وہ بھی مہیا کر سکیں گے۔