لودھراں (جیوڈیسک) سی ٹی ڈی نے لودھراں میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا ، کالعدم تنظیم کے چار دہشتگرد مارے گئے ، تین فرار ہو گئے ، ملزموں کے قبضے سے خود کش جیکٹ ، دستی بم ، اسلحہ اور حساس دفاتر کے نقشے بھی ملے ۔
نیشنل ایکشن پلان کے تحت سیکورٹی فورسز ملک میں امن دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔ کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ ملتان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر لودھراں کے نواحی گاؤں آدم آواہن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا ۔
دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم پر دستی بم سے حملہ کر کے گولیاں برسانا شروع کر دیں، سیکورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس میں چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، تاہم ان کے تین ساتھی فرار ہو گئے ۔
دہشتگردوں سے ایک خودکش جیکٹ دستی بم ، بھاری تعداد میں اسلحہ اور حساس دفاتر کے نقشے بھی برآمد ہوئے ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مرنے والے دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور ان کی عمریں 25 سے 40 سال کے درمیان ہیں ۔ بعد ازاں سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی لاشیں ڈی ایچ کیو لودھراں منتقل کر دی ہیں ۔