لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کیا ہے کہ سانحہ لودھراں انسانی غلطی کی وجہ سے ہوا سگنل سسٹم بہتر تھا۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں سچ سامنے لا کر لواحقین کو انصاف فراہم کرینگے۔
بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں ٹرین حادثے میں زخمی بچوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتئے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حادثے میں دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو کی خطرے سے باہر ہے جبکہ گیٹ کیپر اور ڈرائیور کو حراست میں لیکر ان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی ایک رپورٹ 24 گھنٹے اور دوسری سات روز میں پیش کی جائیگی تاہم دھند کی وجہ سے اگر حادثہ ہوا ہے تو اس کی بھی وجہ تلاش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے وسائل سے ریلوے کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔ 28 کروڑ روپے کی لاگت سے بہاولپور ریلوے سٹیشن کی تعمیر کا کام جاری ہے جو کہ اپنی مقررہ مدت میں پایہ تکمیل پر پہنچے گا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کو 15 لاکھ اور زخمی ہونے والوں کے ورثا کے لئے فی کس 3 لاکھ روپے دئنے کا اعلان بھی کیا۔