لندن (جیوڈیسک) لندن میں افغانستان کے معاملے پر اہم کانفرنس آج ہو رہی ہے، وزیراعظم نوازشریف، افغان صدر، ڈیوڈکیمرون اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری شرکت کریں گے۔
افغانستان کے بارے میں 3اور 4 دسمبر کو ہونے والی اس اہم کانفرنس کا اہتمام، افغانستان اور برطانیہ نے مشترکہ طور پر کیا۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے وزیر اعظم نواز شریف کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری ،افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکیٹو عبداللہ بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ افغان صدر کے دورہ پاکستان میں مثبت پیش رفت ہوئی اور بہت اچھے فیصلے کیے گئے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ افغانستان میں جو کچھ کریں گے اس کا اثر خطے پر ہو گا۔اس کانفرنس کے موقع پر 4 دسمبر کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعظم نوازشریف برطانوی وزیر اعظم سے ناشتے پر ملاقات کریں گے ،اس ملاقات میں افغان رہنما بھی موجود ہوں گے ،اس موقع پر دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ لندن کانفرنس میں وزیر اعظم کی شرکت اس بات کا اظہار ہےکہ پاکستان افغانستان میں امن ،استحکام اور ترقی میں عالمی کوششوں میں شریک ہے۔