لندن میں گرفتار الطاف حسین کی انجیوگرافی آج کسی بھی وقت ہونے کا امکان

 Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) لندن میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی انجیو گرافی آج کسی وقت بھی ہونے کا امکان ہے، لندن میں قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر عمران مرزا کا الطاف حسین سے ملاقات کے بعد کہنا ہے کہ الطاف حسین نے پیغام دیا ہے کہ دوستوں کو بتا دیں کہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔

منگل کی صبح لندن میں حراست کے بعد سے الطاف حسین اسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹروں نے الطاف حسین کی آج انجیوگرافی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی طبی قواعد کے مطابق انجیو گرافی کی صورت میں ڈاکٹرز الطاف حسین کو کم از کم 8 سے 10 گھنٹے آرام کا مشورہ دیں گے جس کے بعد ہی ان کا بیان لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ تاہم لندن پولیس اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کے دستے 24 گھنٹے اسپتال کے باہر تعینات ہیں۔

دوسری جانب برطانوی حکومت کی جانب سے قونصلر رسائی ملنے کے بعد قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر عمران مرزا نے ایم کیو ایم کے قائد سے اسپتال میں ملاقات کی۔

عمران مرزا نے بتایا کہ الطاف حسین کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے لیکن ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نوازشریف، پاکستانی عوام اور کارکنوں کے نام خیرسگالی کا پیغام دیا ہے۔

ایم کیو ایم فکے سینئر رہنما بابر غوری کی قیادت میں بھی متحدہ قومی موومنٹ کا وفد الطاف حسین کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچا۔ میڈیا سے گفتگو میں بابر غوری کا کہنا تھا برطانوی پولیس کی جانب سے بنایا گیا منی لانڈرنگ کا کیس بے بنیاد ہے۔

ایک ایک پیسے کا حساب کتاب اور شواہد موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کریں گے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی الطاف حسین کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ بات چیت کے دوران گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ آزمائش کی گھڑی میں سرخرو کرے۔

الطاف حسین کو منگل کی صبح نارتھ ویسٹ لندن میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد سینٹرل لندن کے پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کے بعد پہلے سے طے شدہ طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔