لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانوی دارالحکومت لندن کے برج پر چاقو سے 2 لوگوں کو قتل کرنے والے حملہ آور کو شناخت کر لیا گیا۔
گزشتہ روز لندن برج کے قریب دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک چاقو بردار شخص نے خاتون سمیت 2 افراد کو وار کرکے ہلاک اور تین کو زخمی کردیا تھا جب کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت 28 سالہ عثمان خان کے نام سے کر لی گئی ہے جو اسٹیفرڈشائر کا رہائشی تھا۔
برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ عثمان خان کے اسٹریفرڈشائر میں واقع گھر پر رات گئے چھاپہ مارا اور گھر کی تلاشی لی۔
برطانوی پولیس کے مطابق عثمان خان ان 9 مجرموں میں سے تھا جنہیں 2010 میں لندن اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی سازش کے الزام میں جیل بھیجا گیا تھا جب کہ اس سازش کو القاعدہ سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا منصوبہ قرار دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ عثمان خان پر آزاد کشمیر میں اپنےخاندان کی زمین پر دہشتگر دکیمپ بنانےکی کوشش کا الزام بھی تھا۔
عثمان دہشتگردی کےجرم میں 2012میں جیل گیا تھا جو دسمبر2018 میں رہا ہوا۔
برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ دہشتگردعثمان خان نے لندن کےفش مونگرزہال میں تقریب میں شرکت کی تھی اور اسے تباہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم حملے میں ملوث مزید کسی مشتبہ شخص کی تلاش نہیں کی جارہی۔
خیال رہے کہ حملہ آور کو روکنے کے لیے لندن بریج پر موجود افراد نے فائر بجھانےکے آلےکی مدد لی اور بلآخر حملہ آور پر قابوپالیا تھا جسے بعد میں پولیس نے گولی مار دی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی ان دنوں علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور یہ حملہ گزشتہ روز ایسے وقت میں ہوا جب وہ چیک اپ کے لیے لندن برج کے قریب واقع اسپتال جارہے تھے۔
اس واقعے کی وجہ سے پولیس نے اطراف کی سڑکیں بند کردیں تھیں جس کے سبب نواز شریف اسپتال نہ پہنچ سکے اور راستے سے ہی واپس گھر روانہ ہو گئے تھے۔