لندن (جیوڈیسک) برطانوی دارالحکومت لندن اور برسٹل کی اہم شاہراہوں اور تاریخی مقامات کے گرد آجکل رنگ برنگی بھیڑوں نے ڈیرا ڈالا ہوا ہے۔
زیادہ حیران ہونے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ یہ بھیڑیں کسی احتجاجی دھرنے کا حصہ نہیں بلکہ دراصل بیما ر بچوں کیلئے امداد جمع کرنے کی غرض سے پیش کیے گئے آرٹ پراجیکٹ کا حصہ ہیں۔
اس آرٹ پراجیکٹ کیلئے معروف شخصیات، ڈیزائنرز اور آرٹسٹوں کی مدد سے شان دی شیپ نامی بھیڑ کے 5 فٹ اونچے کم وبیش 120 دلکش ماڈلزڈیزائن کروائے جارہے ہیں۔
جن میں سے 60 اگلے سال مارچ میں لند ن جبکہ دیگر 60 جولائی میں برسٹل میں شان اِن دی سٹی کے نام سے نمائش کیلئے پیش کیے جائینگے۔
اسی پراجیکٹ کی تشہیر کے سلسلے میں چھ خصوصی ڈیزائن شدہ شان دی شیپ کے ماڈلز لندن کے پارلیمنٹ اسکوائر اور برسٹل کے کلفٹن سسپنشن برج کے سامنے گذشتہ روز سے ڈسپلے پر رکھ دیے گئے ہیں۔