اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لندن فلیٹس کے حوالے سے اضافی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہیں۔
اسی حوالے سے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ پر لندن فلیٹس کی ملکیت کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا ، درخواست گزار نے جن دستاویزات پر انحصار کیا ان کو پہلے ہی مسترد کر چکی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی حسین نواز نے دو شادیاں کر رکھی ہیں ، ان کے ایک اہلیہ سے تین اور دوسری سے چار بچے ہیں ۔ ان کی دونوں بیویاں مختلف ممالک کی شہریت رکھتی ہیں ۔ مریم نواز نے کہا کہ حسین نواز کو بچوں میں جائیداد کی تقسیم کے حوالے سے تشویش تھی جس کیلئے وہ منروا فنانشل سروسز سے رابطے میں تھے۔
اپنے بھائی کی درخواست پر میں نے منروا کمپنی کے ساتھ روابط کی اتھارٹی قبول کی ۔ لیکن اس کے باوجود نہ کبھی کمپنی کا دورہ کیا اور نہ ہی کمپنی کے کسی سٹاف ممبر سے ملاقات کی۔
انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ حسین نواز اور الثانی خاندان کے درمیان سیٹلمنٹ جنوری 2006 میں ہوئی تھی ، مریم نواز نے تصدیق کی کہ لندن فلیٹس حسین نواز کے زیر استعمال ہیں اور وہ ہی ان کے اصل مالک ہیں۔