اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستانی ویزا کے حصول کیلئے پاکستان ہائی کمیشن لندن اور نجی ویزا سروس پروائیڈر کمپنی کے درمیان معاہدے میں مبینہ بے ضابطگیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ گذشتہ دورِ حکومت میں کئے گئے اس معاہدے کے ایوارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ وزارتِ داخلہ و خارجہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ کوئی پاکستانی سفیر یا ہائی کمشنر کسی کے مالی مفادات کے تحفظ کیلئے از خود ایسا عوام دشمن معاہدہ نہ کر سکے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے درخواست گزاروں سے زائد رقم وصول کرنا ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس بات کا بھی قانونی جائزہ لیا جائے کہ کیا یہ معاہدہ منسوخ کیا جا سکتا ہے؟ اگر کسی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہ ہو تو ایسا نظام وضع کیا جائے کہ اس معاہدے کے اختتام پر پاکستانی ویزا فیس کو کم سے کم کیا جا سکے۔