لندن (جیوڈیسک) لندن میں عمران فاروق قتل کیس میں پیش رفت تیزی سے جاری ہے، پولیس کی کرائم ایجنسی نے لندن میں بیس سے زائد گھروں پر مشتمل جائیداد کی تحقیقات شروع کر دیں۔ یہ گھر دو اہم شخصیات کے نام ہیں۔ لندن میٹرو پولیٹن پولیس اور برطانیہ کی کرائم ایجنسی کی جانب سے جس جائیداد کی تحقیقات جاری ہیں اس کی مالیت بیس ملین پانڈ سے زیادہ ہے۔
ذرائع نے بیس میں سے چھ گھروں کے دستاویزی ثبوت حاصل کر لئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کو اس جائیداد کے بارے میں علم لندن میں دو گھروں پر چھاپوں کے دوران ہوا۔
ذرائع کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق یہ جائیداد شمالی لندن میں واقع ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ برطانوی پولیس اس حوالے سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے کہ یہ بیش قیمت جائیداد خریدنے کے لئے رقم کہاں سے حاصل کی گئی۔ برطانوی قوانین کے مطابق کسی بھی جائیداد کی خریداری کے لئے یہ بتانا لازم ہے کہ رقم کن ذرائع سے حاصل کی گئی۔