لندن (جیوڈیسک) برطانوی تحقیقاتی ادارے اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق قتل میں ملوث دو مبینہ ملزمان کی تصاویر جاری کر دیں۔ میٹروپولیٹن پولیس انسداد دہشت گردی یونٹ کی جاری کی گئی تصاویر اور تفصیلات کے مطابق ان دو افراد میں محسن علی سید اور محمد کاشف خان کامران شامل ہیں، یہ دونوں افراد اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ گئے تھے اور جس دن عمران فاروق کا قتل ہوا، اسی شام برطانیہ سے روانہ ہوگئے تھے۔
ان میں سے محسن علی سید جس کی عمر 29 سال بتائی گئی ہے، وہ فروری 2010 سے 16 ستمبر 2010 کے درمیان برطانیہ میں موجود رہا اور محمد کاشف خان کامران جو ستمبر 2010 کے آغاز میں برطانیہ پہنچا تھا وہ بھی 16 ستمبر 2010 تک برطانیہ میں مقیم تھا۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں افراد لندن کے علاقے اسٹین مور میں مقیم تھے۔ لندن پولیس کو یقین ہے کہ یہ دونوں افراد اس وقت پاکستان میں ہیں اور لندن حکام اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔