لندن (جیوڈیسک) لندن میں عمران فاروق قتل کیس کے سلسلے میں دو گھروں میں تلاشی کا کام پچپن گھنٹوں کے بعد مکمل کر لیا گیا۔ برطانوی پولیس کے مطابق سیاسی دشمنی، بڑی رقوم کی برطانیہ منتقلی اور دیگر معاملات زیر غور ہیں۔ میٹروپولیٹن پولیس نے نارتھ ویسٹ لندن میں پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے دو گھروں سے اہم اشیا اور دستاویز قبضے میں لے لیں۔
پچپن گھنٹے تک جاری رہنے والی تلاشی کے دوران فرانزک معائنہ بھی کیا گیا۔ تلاشی کے دوران برطانوی ایجنسی ایس او سی اے نے بھی تحقیقات میں حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق کیس کے سلسلے میں سیاسی دشمنی، بڑی رقوم کی برطانیہ منتقلی اور دیگر معاملات بھی زیر غور ہیں۔
برطانوی ایجنسی ایس او سی اے دو ہزار ایک سے دو ہزار پانچ کے درمیان برطانوی بینک میں بارہ مرتبہ بڑی رقم کی منتقلی کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق عمران فاروق کے مالی معاملات پر اپنے دوستوں سے اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔