لندن : عمران فاروق کی بیوہ اور بچوں کی سکیورٹی مزید سخت

London

London

لندن (جیوڈیسک) پولیس نے عمران فاروق کی بیوہاور بچوں کی سکیورٹی مزید سخت کر دی، ہیتھرو ائرپورٹ سے گرفتار شخص کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ لندن پولیس نے کیس میں حالیہ پیش رفت کے بعد عمران فاروق کی بیوہ شمائلہ اور ان کے بچوں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا ہے۔ لندن پولیس کے آفیسرز نے شمائلہ عمران فاروق سے ملاقات کی اور انہیں کیس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

پولیس نے کیس میں سامنے آنے والے چند نئے ایشوز پر شمائلہ عمران سے معلومات حاصل بھی کیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شمائلہ عمران نے اس بات کی تصدیق کی کہ عمران فاروق کے چند لوگوں سے سیاسی اختلافات تھے اور وہ اس سلسلے میں کافی پریشان بھی تھے۔

دوسری جانب عمران فاروق قتل کیس میں ہیتھرو ائرپورٹ سے گرفتار شخص کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ پاکستانی نژاد برطانوی شخص کو گزشتہ روز کینیڈا سے لندن واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا۔ زیرحراست شخص کو ستمبر تک ضمانت دی گئی ہے۔ پولیس نے ملزم سے 35 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس سے ڈاکٹر عمران فاروق کی زندگی کے آخری چند برسوں کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی۔