لندن میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے احتجاج، پیرس میں بھی مظاہرہ

Protests

Protests

لندن (جیوڈیسک) اسرائیلی مظالم کے خلاف یورپ بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ فرانس میں مظاہروں پر پابندی کے باوجود درالحکومت پیرس میں ہزاروں شہری فلسطینیوں کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔لندن میں اسرائیلی سفارتخانے کے سامنے بھی احتجاج کیا گیا۔تل ابیب میں ہزاروں شہریوں نے غزہ میں امن کے لیے مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر مظاہرین نے شمعیں روشن کیں اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیاجبکہ 40 سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں سیکڑوں شہریوں نے اسرائیل مخالف مارچ میں شرکت کی۔ شرکاء نےمعصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔جرمنی میں فلسطینیوں کے حق میں مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔درالحکومت برلن میں سیکڑوں شہریوں نے مطالبہ کیا کہ 66 سال سے جاری معصم فلسطینیوں کے قتل عام کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔

فرینکفرٹ میں ہونے والے پر امن مظاہرے میں سیکڑوں مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھائے ریلی نکالی ۔آسٹریلیا کے شہر سڈنی اور میلبرن میں ہزاروں شہریوں نے فلسطین کے حق میں ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل نہتے فلسطینیوں اور معصوم بچوں کا قتل کر رہا ہے۔