لندن میں شرپسندوں نے اسلامک سینٹر کوآگ لگا دی

London

London

لندن (جیوڈیسک) لندن شرپسندوں نے اسلامک سینٹر کو آگ لگا دی ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعہ میں وہ انتہا پسند تنظیم انگلش ڈیفنس لیگ ملوث ہے جو برطانوی فوجی کے قتل کے خلاف پرتشدد مظاہرے کرتی رہی ہے۔ برطانیہ میں ایک اور اسلامی سینٹر کو آگ لگا دی گئی ہے۔ شمالی لندن میں واقع یہ اسلامی سینٹر صومالیہ سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی کا ہے اور تباہ عمارت کے کچھ حصوں پر ای ڈی ایل کے الفاظ واضح ہیں جو انگلش ڈیفنس لیگ کو مختصرا ظاہر کرنے کے لیے لکھا جاتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میں جو بھی ذمہ دار ہوا، انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ لندن کے علاقے وول ایچ میں برطانوی فوجی کو2 ہفتے پہلے دن دیہاڑے قتل کیے جانے کے بعد سے اب تک 2 مساجد پر حملے کیے جا چکے ہیں جبکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کے 2 سو 22 واقعات رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔

نارتھ لندن کے کمیونٹی سینٹرپر حملے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ الرحمہ اسلامی سینٹر بچوں کو قرآن اور دینی تعلیم کا مرکز تھا۔ علاقے کی مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ فوجی کو قتل کرنے والے کسی شخص کی حرکت کا بدلہ اسلامی مراکز پر حملوں سے لیا جا رہا ہے جس کا حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔