لندن (جیوڈیسک) لندن کاایک مشہور میوزیم آرٹ کے دلدادہ لوگوں کو ایک رات میوزیم میں گزارنے کی دعوت دے رہا ہے۔ ٹیٹ بریٹن میوزیم کے مطابق, بدھ (کل) سے اگلی پانچ راتوں تک دنیا بھر سے لوگ میوزیم بند ہونے کے بعد رات کو آن لائن وزٹ کر سکیں گے۔
اس وزٹ کی اہم بات چار روبوٹ گائیڈ ز کا ہونا ہے جو سیاحوں کی آن لائن معاونت کریں گے۔ لائٹس ، کیمروں اور سنسرز سے لیس یہ روبورٹ اندھیرے کمروں میں سیاحوں کی رہنمائی کر یں گے۔ اس دوران میوزیم کی ویب سائیٹ پر لائیو تبصرہ بھی ہو گا اور لوگ اپنے گائیڈ ربوٹس کو آن لائن کنٹرول بھی کر سکیں گے۔
‘اندھیرے کے بعد’ نامی یہ منصوبہ سپیس ایکسپلوریشن ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔یہ منصوبہ ‘آئی کے’ انعام یافتہ بھی ہے۔ ہر سال یہ انعام ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے آرٹ کی وسیع رسائی کا سبب بننے والے منصوبوں کو دیا جاتا ہے۔