لندن (جیوڈیسک) برطانوی حکومت نے مصری کالعدم سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ لندن میں اخوانی کارکنوں کی انتہا پسندانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کا سراغ لگایا جائے۔
یہ بات برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے دفتر کی طرف سے منگل کے روز سامنے آئی ہے ،وزیر اعظم کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں جائزہ سعودی عرب میں برطانوی سفیر جان جین کنز کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے اخوان المسلمون کے بنیادی نظریے، سرگرمیوں اور حکومت کی اس تنظیم کے بارے میں پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے، انہوں نے کہاکہ برطانوی حساس اداروں کو اخوان المسلمون کے نظریات اور سرگرمیوں پر نظر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ اخوان کی طرف سے برطانیہ کیلئے کسی ممکنہ خطرے کا پیشگی اندازہ لگایا جا سکے۔