ریاض (جیوڈیسک) لندن ٹیکسی کمپنی سعودی عرب کی ایک کمپنی کے لیے اپنی چار سو منفرد کاریں تیار کرے گی۔لندن کی ٹیکسیاں اب سعودی عرب کی سڑکوں پر دوڑیں گی۔ سعودی کمپنی نے لندن ٹیکسی کمپنی کو سیاہ رنگ کی 200 ٹیکسیاں تیار کرنے کا آرڈر دیا ہے جبکہ 200 ٹیکسیاں دوسرے رنگوں میں تیار کی جائیں گی۔
سعودی روزنامے میں شائع شدہ رپورٹ کے مطابق ان ٹیکسیوں کی پہلی کھیپ سعودی عرب کو 2013 کے اختتام سے قبل مہیا کر دی جائے گی جبکہ دوسری کھیپ 2014 کے آغاز میں پہنچے گی۔
لندن ٹیکسی کمپنی کے نائب صدر پیٹر جانسن کا کہنا ہے کہ ان کی گاڑیاں دیکھنے میں جاذب نظر آتی ہیں۔ وہ دوسری گاڑیوں سے بڑی ہیں اور ان میں مسافروں کا حصہ ڈرائیوروں سے الگ ہے۔ اس لئے ان وجوہ کی بنا پر ان کو دوسری کاروں پر ترجیح دی جاتی ہے۔ سعودی عرب سے قبل دبئی نے بھی لندنی کمپنی کو 200 کاروں کی تیاری کا آرڈر دے رکھا ہے۔