اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میثاق جمہوریت اصل لندن پلان ہے جس میں باریاں طے کی گئی تھیں جبکہ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم امریکا کا ایک ایک پیسہ واپس کر دیں گے۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، لاہور کے عوام کو مینار پاکستان پر دیکھنا چاہتا ہوں۔
مینار پاکستان پر جلسہ کر کے ایک ریکارڈ قائم کریں گے اور یہ بتائیں گے کہ نیا پاکستان ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مہم گو نواز گو نہیں بلکہ گو نظام گو ہے جبکہ میثاق جمہوریت اصل لندن پلان ہے جس میں اقتدار آنے کے لیے باریاں طے کی گئیں۔
عمران خان نے کہا کہ اگر اقتدار میں آئے تو کرپشن اور تمام فضول خرچ ختم کرکے سادہ طرز حکمرانی اپنائیں گے،بیرون ملک دوروں میں ہوٹل کے بجائے سفارتخانے میں ٹھہروں گا جبکہ قوم مجھ پر اعتماد کرتی ہے اور پیسے دیتی ہے جس سے پاکستان میں 7 ہزار ارب روپے ٹیکس اکٹھا کر سکتا ہوں۔
حکمرانوں نے اتنے قرضے لیے ہیں کہ قوم اپنے خون سے اس کی قسطیں ادا کررہی ہے اور ان ہی قرضوں کی بدولت قوم ایک بند گلی میں جارہی ہے لیکن ہم عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے بیرون ملک نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پینے کا صاف پانی نہیں ہے جس کے باعث 4 لاکھ بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں آج تک اس پر کوئی بات نہیں کی گئی۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہر دوسرے دن سرمایہ کاری کے نام پر بیرون ملک جاتے ہیں پہلے وہ ملک ٹھیک کریں اوراپنا پیسہ ملک میں لائیں، سوئٹزرلینڈ میں اربوں ڈالر چوری کے پڑے ہوئے ہیں جنہیں ہم پاکستان میں واپس لائیں گے، ملک میں گورننس ٹھیک کرکے سرمایہ کاری لائیں گے جس کے بعد پاکستان کو کسی سے بھیک نہیں مانگنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کو کرپشن میں سب سے زیادہ تجربہ ہے لیکن ہمارے سسٹم میں کرپشن کرنا مشکل ہو گا، ہمارے سسٹم میں نیب کا سربراہ سب پر ہاتھ ڈال سکے گا۔ عمران خان نے کہا کہ میں نوازشریف کی طرح ڈر کر اوبامہ سے بات نہیں کروں گا جبکہ قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم امریکا کا ایک ایک روپیہ واپس کریں گے۔