لندن (جیوڈیسک) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں شامل تفتیش افتخار حسین نامی شخص کوعدم ثبوت کی بنا پربری کردیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں شک کی بنا پر گرفتار کیے گئے۔
افتخار حسین نامی شخص کو کیس سے بری کرتے ہوئے ان کے خلاف مزید کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام کے مطابق عمران فاروق قتل کیس میں افتخار حسین کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے جس کے بعد عدم ثبوت کی بنا پر انہیں بری کیا گیا۔
اور اب ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی جب کہ کیس میں محسن علی سید اور کاشف خان کامران مطلوب ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے اور کیس سے متعلق شواہد جمع کرنے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ افتخار حسین کو 24 جون 2013 کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں دوران تفتیش ضمانت پر رہا کیا گیا تھا تاہم اب عدم ثبوت کی بنا پر انہیں کیس سے بری کردیا گیا ہے۔