لندن (جیوڈیسک) لندن کے چار مقامات پر چھاپے مار کر دہشتگردی کی سازش کے شبہے میں 3 پاکستانی نژاد افراد سمیت 4 مسلم نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انسداد دہشتگردی سے متعلق اہلکاروں نے یہ کارروائی خفیہ سروس ایم آئی فائیو کی مدد سے کی ہے۔
جن علاقوں میں چھاپے مارے گئے ان میں ساؤتھ آل، ہانسلو، ہائی ویکمب اور آکس بریج شامل ہیں اور خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد برطانیہ میں دہشتگردی کی سازش کر رہے تھے۔ تاہم دہشتگردی کس نوعیت کی ہوناتھی اس کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔
گرفتار افرادکی عمریں 19 سے 27 برس کے درمیان ہیں۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ چاروں افراد شام جاکر دہشتگردی نہیں کرنا چاہتے تھے بلکہ یہ برطانیہ ہی میں کارروائی کی تیاری کر رہے تھے۔ جن علاقوں سے گرفتاریاں کی گئی ہیں ان میں پاکستانی نژاد افرادکی بھی بڑی تعداد آباد ہے۔