لانگ مارچ حکومت کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا، پی ڈی ایم کا اعلان

PDM

PDM

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کے انتظامات مکمل کرتے ہوئے اسے حکومت کے خاتمے تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کنوینئر احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں لانگ مارچ کے انتظامات اور دورانیے پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کھلی رائے شماری کا واحد حل آئینی ترمیم ہے، الیکشن کمیشن کی رائے درست ہے کہ آئینی ترمیم ہی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس میں احسن اقبال، نیر بخاری، میر کبیر شاہی، میاں افتخار حسین اور اکرم درانی شامل ہوں گے، 26 مارچ کو ملک بھر سے لانگ مارچ شروع ہوگا، شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں صوبوں کے دورے کیے جائیں گے، تمام مزدور تنظیموں سے رابطہ کیا جائے گا۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ لانگ مارچ کا نام قومی مارچ اور مہنگائی مارچ ہوگا، جمعہ تین بجے پی ڈی ایم لاپتا افراد کے دھرنے میں شرکت کرے گی، لاپتا افراد کے ورثا کا صرف یہ مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم آکر ان سے ملاقات کریں۔

انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم کوئٹہ میں بھی لاشوں پر نہیں گئے اور کہا انہیں لاشیں رکھ کر بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، وزیر اعظم کے پیروں میں مہندی لگی ہے کہ وہ ڈی چوک نہیں آسکتے؟ کیا جعلی وزیر اعظم گرفتار ہیں؟ اگر گرفتار ہیں تو بتائیں ہم ان کی رہائی کے لیے تحریک چلائیں۔

میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کے تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، یہ مارچ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت چلی نہیں جائے گی۔

دریں اثنا اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے مرحوم سینیٹر مشاہد اللہ خان کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔