لانگ مارچ 26 مارچ کو شروع ہو گا، 30 مارچ کو منزل تک پہنچے گا، سربراہ پی ڈی ایم

Maulana Fazlur Rehman

Maulana Fazlur Rehman

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا آغاز26 مارچ کو ہو گا اور 30 مارچ کو منزل مقصود تک پہنچے گا۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کا متفقہ امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے امیدوار کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا،کمیٹی میں طاہر بزنجو، راجہ پرویز اشرف، حافظ عبدالکریم، میاں افتخار، جہانزیب جمالدینی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ اعتماد کا ووٹ اور قومی اسمبلی کا بلایا گیا اجلاس غیر آئینی ہے ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں یہی رویہ رہا تو تمام حقائق سامنے لانے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام ناجائز حربے استعمال کررہی ہے اور دوسری طرف پرلے درجے کے احمقانہ اقدامات بھی کررہی ہے۔

اس موقع پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں حکومت بنانا مسلم لیگ ن کا حق تھا، بہت سے حکومتی ارکان اب بھی ہمارے ساتھ ہیں، یہ سب سامنے رکھ کر پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے یا نہ لانے کا فیصلہ کریں گے۔

مریم نے کہا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لاکر پھر ان ہی کا وزیر اعلیٰ لانا عقلمندی نہیں، پنجاب میں ہماری حکومت رہی ہے، ہم چاہیں گے آئندہ بھی پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہو۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں حکومت کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں، بتایا جائے حکومت نے کس حیثیت میں اپنے امیدوار کھڑے کیے، جو الیکشن میں پیسہ نہ چلنےکابھاشن دیتےہیں،اب دیکھتےہیں کب اس الیکشن کیلئےعدالت جاتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابھی تک حکومت نےبھی ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار کا اعلان نہیں کیا، الیکشن کمیشن جاکرحکومت نے چیئرمین سینٹ کےالیکشن سےقبل اپنی شکست تسلیم کی، وہ غیر جمہوری طریقوں سے ہمارے امیدوار کو روکنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن اور عدالت آئین و قانون کے مطابق کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق پوری قیادت ایک پیچ پر ہے، فیض آباد کا نام لیا ہے تو یہ پنڈی میں بھی ہے اور اسلام آباد میں بھی ہے، اب فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی کب اور کہاں عدم اعتماد آئے گا۔