لانگ مارچ کو غیر سیاسی طریقے سے ہینڈل کیا تو خطرہ ہوسکتا ہے: گیلانی

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے اپوزیشن کے لانگ مارچ سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نظر نہیں آرہا لیکن اسے غیر سیاسی طریقے سے ہینڈل کیا تو خطرہ ہو سکتا ہے۔

حکومت کو عام انتخابات سے قبل عوام سے کئے تمام وعدے پورے کرنا ہوں گے اور دیکھنا ہوگا کیا لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہوگا، کیا عوام کو ریلیف مل گیا ہے؟ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے پارلیمنٹ اور اداروں کو مضبوط بنانا ہو گا۔ یہاں ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جن انتخابات میں امیدواروں کو اغوا کرلیا جائے وہ کیسے شفاف ہوسکتے ہیں۔

اس بات میں کوئی شک نہیں عام انتخابات میں پنجاب کے اندر بھرپور دھاندلی ہوئی ،اسکی ضرور تحقیقات ہونی چاہئے۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے دھاندلی کے باوجود عام انتخابات کو تسلیم کیا مگر حکمرانوں کو اپنا رویہ جمہوری کرنا ہوگا اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا نواز شریف دوتہائی اکثریت سے حکومت میں آئے تیسری بار وزیراعظم بنے انہیں طاہر القادری اور عمران خان کے مسئلے کو سیاسی طور پر حل کرنا چاہئے تھا۔ طاہر القادری اور عمران خان کے احتجاج سے حکومت کو خطرہ ہے تو اس کا مطلب ہے ادارے کمزور ہیں اور جمہوریت ابھی مضبوط نہیں ہوئی، اداروں کو کمزور کرنے کی بجائے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا پیپلزپارٹی ملک کی سب سے زیادہ قربانیاں دینے اور حکومتی مدتی پوری کرنے والی واحد جماعت ہے اس لئے ایک دو اختلافی بیانات سے پارٹی کی ساکھ متاثر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا ملک میں سیاست اب روزانہ نہیں بلکہ الیکٹرانک میڈیا کے آنے سے لمحوں میں بدل جاتی ہے کسی کے ایک بیان سے تمام تر صورتحال تبدیل ہو جاتی ہے۔

جب ہم بچے تھے تو اس وقت اسلام کو خطرہ لاحق ہو جاتا تھا اب جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے مگر میرے نزدیک جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، 14 اگست کو بھی کوئی خطرے والی بات نہیں۔ جس حکومت کے پاس اپنی ہی دو تہائی اکثریت ہو اس کے وزیرا عظم کو ملک میں طاہر القادری یا عمران خان کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑنا چاہئے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل لطیف کھوسہ، وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ سلمان رفیق، پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی فائزہ احمد، عزیز الرحمن چن سمیت سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔