مصطفی آباد/للیانی: لانگ مارچ ہو یا انقلاب عوام کو کسی کا ٹوپی ڈرامہ پسند نہیں، احتجاجی سیاست نے ہمیشہ سیاست اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے عمران خان اور طاہر القادری آئندہ عام انتخابات تک انتظارکریں۔
مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی امنگوں کی تر جمان ہے اس وقت میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک بھرمیں ترقیاتی کاموں کے در جنوں میگا پراجیکٹ زیرِ تکمیل ہیں تاریخ کے نازک دور میں احتجاجی سیاست کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف ہونے والے اپریشن ضربِ عضب کوسبوتاژ کرنے کی سازش کی جارہی ہے،ان خیالات کا اظہار جزل سیکرٹری مسلم لیگ نMYOلاہور ڈویژن سعید احمد بھٹی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر سنجیدہ سیاستدانوں کی وجہ سے جمہوریت کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے ۔ نواز شریف جو عوامی مینڈیٹ لیکر آئے ہیں اس کا تقاضا ہے کہ حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا چاہیے۔
ملک کو ترقی خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے نواز شریف حکومت اچھے اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ اس لئے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانا عوام سے دشمنی کے مترادف ہو گا۔ عمران خان اور طاہر القادری بے وقت کی راگنی سے عوام کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے ۔ بلکہ اس کے برعکس وہ عوام میں اپنی رہی ‘سہی سیاسی قوت بھی ختم کر لینگے۔