لورالائی (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پسند کی شادی کرنے پر مقامی افراد نے غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا۔ انتظامیہ نے فتویٰ دینے والے مولوی سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب محکمہ داخلہ نے واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق لورالائی کے علاقے کڑوغر میں غیرت کے نام پر ایک خاتون سمیت دو افراد کو قتل کردیا گیا، جوڑے نے پسند کی شادی کی تھی جس کے خلاف مقامی افراد اور علاقہ مولوی نے فتویٰ دیا جس کے بعد دونوں کو قتل کر دیا گیا اور ان کی تدفین کر دی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں مقامی انتطامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے جوڑے کی پسند کی شادی کے خلاف فتویٰ دینے والے مقامی مولوی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔
واقعہ کی رپورٹ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق قتل کی تحقیقات کیلئے ڈپٹی کمشنر لور الائی کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور مقتولین کی قبر کشائی کی بھی ہدایت کرد ی ہے۔ قبر کشائی جوڈیشیل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کرائی جائے گی جس کے بعد لاشوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے قتل کی وجہ کا تعین ہوسکے گا، ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔