لاہور (جیوڈیسک) لارڈز ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی پر پاکستانی بولرز کو صلہ مل گیا ہے، محمد عباس 9 درجہ ترقی پا کر ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہو گئے، محمد عامر 32 ویں، حسن علی 61 ویں اور شاداب خان ٹاپ 100 میں شامل ہو گئے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین لارڈز ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے ٹیسٹ کی نئی عالمی رینکنگ جاری کر دی، پاکستانی بولرز کو لارڈز ٹیسٹ کی تاریخی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے کا صلہ رینکنگ میں بھی بہتری کی صورت میں ملا ہے۔ میچ میں 8 وکٹیں اڑانے والے پیسر محمد عباس اپنے ساتویں ٹیسٹ میچ میں ہی 9 درجہ ترقی پا کر ٹاپ 20 میں شامل ہو گئے ہیں، 5 وکٹیں لینے والے محمد عامر 5 درجے بہتری کے ساتھ 32ویں اور 4 وکٹیں لینے والے حسن علی 26 درجے کی لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے 61 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، شاداب خان 8 درجہ بہتری کےساتھ 96 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولرز میں جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ بدستور ٹاپ پر موجود ہیں۔
بیٹسمینوں میں پاکستان کے اسد شفیق، حارث سہیل اور بابر اعظم کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے، الیسٹر کک رینکنگ میں ایک درجہ بہتری کے ساتھ 15ویں پوزیشن پر آ گئے۔
ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں تاحال کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، بھارت بدستور پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ تاہم لیڈز ٹیسٹ میں فتح پر پاکستان ٹیم2 درجے ترقی کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر آ جائے گی جبکہ انگلش ٹیم کو اتنے درجے تنزلی کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر جانا پڑے گا۔
سیریز برابر ہونے پر ٹیم رینکنگ میں فرق نہیں آئے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے لیڈز میں شروع ہوگا۔