لارڈز ٹیسٹ ڈرا، جیت انگلش ٹیم کو چھو کر گزر گئی

Lords Test

Lords Test

لندن (جیوڈیسک) لارڈز ٹیسٹ میں جیت انگلش ٹیم کو چھوکر گزر گئی، سری لنکا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد میچ ڈرا کرلیا، 390 کا ہدف پانے والی مہمان ٹیم نے 9 وکٹ پر 201 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے لارڈ گراؤنڈ میں جاری ٹیسٹ میں اسٹورٹ براڈ نے اختتامی اوور کی پہلی گیند پر رنگانا ہیراتھ کو پرائر کی مدد سے پویلین چلتا کرکے میچ میں سنسنی پیدا کی، اس موقع پر اختتامی 5 گیندوں پر میزبان ٹیم کو محض ایک وکٹ درکار تھی لیکن نئے آنے والے پلیئر نووان پردیپ انگلش بالر کے کاری وار جھیل گئے، پانچویں گیند پر ایل بی ڈبلیو کی پرزور اپیل مسترد ہوئی، اس موقع پر انگلش پلیئرز نے فتح کا جشن منانا شروع کیا لیکن سری لنکن بیٹسمین کو اندازہ تھا کہ گیند پیڈز سے قبل ان کے بیٹ سے ٹکرائی تھی جس کی توثیق ریویو پرہوگئی اور پھر پردیپ نے اختتامی گیند روک کر شکست کو ٹال دیا۔

قبل ازیں اختتامی دن انگلینڈ نے 8 وکٹ 267 پر اننگز ڈیکلیئرڈ کرکے سری لنکا کو کامیابی کیلیے ریکارڈ 390 رنز کا ہدف دیا، اوپنر دیموتھ کرونا رتنے (16) کے جلد میدان بدر ہونے کے بعد کمار سنگاکارا (61) اور کوشل سلوا (57) کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 98 کی پارٹنر شپ بنی، کوشل سلوا کا شاندار ڈائیونگ کیچ جورڈن کی گیند پر میٹ پرائر نے تھاما، مہیلا جے وردنے اور کپتان انجیلیو میتھیوز یکساں طور پر 18 ، 18 رنز بناکر انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچا پائے،آئی لینڈرز کا اسکور 9 وکٹ پر 201 رہا، جیمز اینڈرسن نے 25 رنز دیکر 4 وکٹیں اپنے نام کیں، اسٹورٹ براڈ نے 3 اورکرس جورڈن نے 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔