لندن (جیوڈیسک) لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے دوران آئر لینڈ کے باؤلرز نے انگلینڈ کے بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔ میزبان ٹیم صرف 23 اوورز میں ہی 85 رنز پر ٹیم ڈھیر ہو گئی۔ آئرش ٹیم بھی پہلی اننگز میں 207 رنز پر ہمت ہار بیٹھی اور میزبان ٹیم پر 122 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ پہلا روز باؤلرز کے نام رہا، دونوں ٹیموں کے باؤلرز نے 20 وکٹیں گرائیں۔
لارڈز میں انگلش کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز برنز اور ون ڈے میں انگلینڈ کو چیمپئن بنانے والے جیسن روئے نے کیا تاہم دونوں بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ 8 رنز پر ہی ڈیبیو میچ کھیلنے والے جیسن روئے 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
36 کے مجموعی سکور پر ڈینلی بھی 23 کی باری کھیل کر چلتے بنے، تیسری وکٹ بھی 36 پر گری جب برنز 25 گیندوں پر 6 رنز بنا کر مرتاغ کا نشانہ بن گئے۔ 42 سکور پر جوئے روٹ کو اڈائر نے ٹھکانے لگایا، بیٹسمین صرف دو رنز بنا سکے۔
42 سکور پر ہی وکٹ کیپر بیٹسمین جانی بیرسٹو صفر پر چلتے بنے، ووکس صفر پر مرتاغ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ساتویں وکٹ 43 رنز پر گری جب معین علی مرتاغ کی ہی گیند پر ولسن کو کیچ دے بیٹھے۔
سٹورٹ براڈ 3، اولی سٹون 10، سام کوران 18 رنز بنا سکے۔ مرتاغ نے پانچ شکار کیے، اڈائر کےحصے میں تین وکٹیں آئیں، رینکن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آئر لینڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز پورٹ فیلڈ اور میکولم نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور سکور کو آگے بڑھایا تاہم کپتان پورٹ فیلڈ 12.1 اوورز کی پہلی گیند پر 40 گیندوں پر 14 رنز بنا کر چلتے بنے۔ کوران نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ میکولم 19 رنز بنا کر کوران کی ہی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔
بل برائن اور سٹرلنگ نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کی تاہم اس 87 رنز کی پارٹنر شپ کا اختتام سٹورٹ براڈ نے کیا، فاسٹ باؤلر نے سٹرلنگ کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ بال برائن 55 رنز بنا کر اولی سٹون کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں ولسن صفر، تھامپسن صفر، اڈائر3، ایم سی برائن 11، مرتاغ 16، رینکن نے 7 رنز کی باری کھیلی۔
کیون اوبرائن 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئر لینڈ کی پوری ٹیم 207 رنز بنا کر پویلین لوٹی۔ انگلینڈ کی طرف سے سٹورٹ براڈ، اولی سٹون، سام کوران نے 3.3 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ معین علی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں جونی بیرسٹو، روری برنز، جیسن روئے، جو ڈینلی، معین علی، سام کیورن، کرس ووکس، اولی سٹون، سٹورٹ براڈ، جیک لیچ اور لوئس گریگوری شامل ہیں۔
آئرلینڈ سکواڈ کی کمان ولیم پورٹ فیلڈ کے پاس ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں گیری ولسن، پال سٹرلنگ، اینڈریو بالبرنی، جیمز میکولم، کیوین اوبرائن، سٹورٹ تھامسن، اینڈی میک برائن، ٹم مرتاغ، بوئیڈ رینکن، کریگ ینگ، مارک اڈائر، سیمی سنگھ اور لورکن ٹکر شامل ہیں۔